امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ غزہ امن منصوبے کی تجاویز پر اسرائیل اور عرب رہنماؤں کی جانب سے مثبت ردعمل ملا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام فریق امن معاہدے کی خواہش رکھتے ہیں اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات میں معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ امن منصوبہ صرف غزہ کے لیے نہیں بلکہ پورے مشرق وسطیٰ میں وسیع پیمانے پر امن قائم کرنے کا باعث ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار تمام فریق کسی خاص مقصد کے لیے متحد ہیں اور یہ معاہدہ ضرور مکمل کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر آج وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جس کا مقصد جنگ بندی معاہدے کا فریم ورک طے کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مودی کی سیاست نے برصغیر میں امن کے امکانات ختم کر دیے، خواجہ آصف
اس دوران نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے بتایا کہ امریکی حکام اسرائیلی اور عرب رہنماؤں کے ساتھ پیچیدہ مذاکرات میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے جلد ہونے کا دعویٰ کیا تھا اور صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ وہ اس معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔





