پاکستان کے مشہور مزاحیہ اداکار اور سکرپٹ رائٹر عمر شریف کو آج ان کے انتقال کو چار سال مکمل ہو گئے ہیں۔
عمر شریف نے تھیٹر، سٹیج، فلم اور ٹی وی پر اپنی منفرد اداکاری اور طنز و مزاح کے ذریعے ایک الگ مقام حاصل کیا۔
عمر شریف نے 1980 کی دہائی میں آڈیو کیسٹ کے ذریعے اپنے ڈرامے ریلیز کیے جو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی بے حد مقبول ہوئے۔
ان کے مشہور ڈراموں میں بکرا قسطوں پر، بڈھا گھر پر ہے، میری بھی تو عید کرا دے اور ماموں مذاق مت کرو شامل ہیں۔
اپنے دور کے سب سے نمایاں مزاحیہ فنکار، عمر شریف نے 70 سے زائد ڈراموں کے سکرپٹ لکھے، جن کے مصنف، ہدایتکار اور اداکار وہ خود تھے۔ بھارت کے مشہور کامیڈینز جونی لیور اور راجو شریواستو نے انہیں دی گارڈ آف ایشین کامیڈی کا لقب دیا۔
یہ بھی پڑھیں : فیس بک اور انسٹاگرام پر اشتہارات ختم کرنے کے لیے صارفین کو ماہانہ کتنی فیس دینی ہوگی؟
عمر شریف 2 اکتوبر 2021 کو جرمنی میں دل کے عارضے کے باعث 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی جدائی آج بھی شائقینِ فن کے دلوں میں ایک گہرا خلا چھوڑ گئی ہے۔
ان کے منفرد انداز اور برجستہ جملے آج بھی پاکستانی مزاح کی دنیا میں زندہ ہیں اور نسل در نسل سنائے جاتے رہیں گے۔





