محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں 2 اکتوبر سے 7 اکتوبر تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارشوں کا بھی امکان ہے، جب کہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب (فلش فلڈنگ) کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ خیبرپختونخوا کے بالائی، وسطی اور جنوبی اضلاع کو متاثر کرے گا۔ پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارشوں کے نتیجے میں برساتی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
بارشوں سے ممکنہ متاثرہ اضلاع میں ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، بالائی و زیریں چترال، دیر، خیبر، کوہستان، کولائی پالس، کرم، ملاکنڈ، مانسہرہ، مہمند، اورکزئی، شانگلہ، سوات، تورغر اور شمالی وزیرستان شامل ہیں، جہاں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ ہے۔
دوسری جانب، پی ڈی ایم اے (پیڈی ایم اے) نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے عملہ، مشینری اور ریسکیو ٹیمیں تیار رکھی جائیں۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔





