ناران میں لاپتہ ہونیوالی جرمن سیاح خاتون کو مانسہرہ پولیس نے بحفاظت تلاش کر لیا

ناران میں لاپتہ ہونیوالی جرمن سیاح خاتون کو مانسہرہ پولیس نے بحفاظت تلاش کر لیا

مانسہرہ پولیس نے ناران میں ہائیکنگ کے دوران راستہ بھٹکنے والی 66 سالہ جرمن سیاح خاتون کو 6 گھنٹے کی مسلسل تلاش کے بعد بحفاظت ریسکیو کرلیا۔ غیر ملکی مہمان کو واپس ان کے ہوٹل پہنچا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سات رکنی جرمن سیاحوں کا ایک گروپ ناران کی سیر پر آیا ہوا تھا۔ رات گئے اطلاع ملی کہ گروپ کی ایک رکن، مسز کارون این ملارک، ہائیکنگ کے بعد ہوٹل واپسی کے دوران راستہ بھٹک گئیں۔

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر ناران پولیس نے فوری سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ ان ٹیموں نے مختلف ممکنہ راستوں پر ریسکیو مشن جاری رکھا اور مسلسل 6 گھنٹے کی محنت کے بعد سیاح خاتون کو تلاش کر کے محفوظ طریقے سے ہوٹل منتقل کیا۔

ڈی پی او مانسہرہ نے اس موقع پر کہا’’ٹورسٹ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ مانسہرہ پولیس ہر وقت ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی خدمت، سہولت اور تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔ جنت نظیر وادیٔ ناران آنے والے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کے لیے پُرامن ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

مزید برآں، ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے ریسکیو آپریشن میں شامل تمام پولیس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور کہا کہ پولیس فورس نے پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ خدمت سے سیاحت کے شعبے پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔

یہ کامیاب ریسکیو مشن نہ صرف مانسہرہ پولیس کی فرض شناسی کا مظہر ہے بلکہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی سیاحوں کی حفاظت کے لیے حکومت کی سنجیدہ کوششوں کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

Scroll to Top