خیبرپختونخوا حکومت نے سونے کی غیر قانونی کان کنی پر عائد پابندی میں مزید 30 دن کی توسیع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 کے تحت سونے کی کان کنی پر پابندی اب مزید ایک ماہ تک برقرار رہے گی۔ اس پابندی کا اطلاق صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ اور ملحقہ علاقوں میں دریائے سندھ اور دریائے کابل کے کناروں پر کیا گیا ہے، جہاں غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیاں جاری تھیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی کان کنی نہ صرف دریا کے کناروں کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ اس کے باعث ماحولیاتی مسائل، امن و امان کی صورتحال میں بگاڑ، مقامی تنازعات اور اسمگلنگ کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی کان کنی میں استعمال ہونے والی مشینری، گاڑیاں اور آلات ضبط کریں تاکہ اس غیر قانونی کاروبار کو مؤثر طور پر روکا جا سکے۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت ماحولیاتی تحفظ، قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے گی۔





