ای کامرس کمپنی ایمازون نے عالمی سطح پر اپنے کارپوریٹ اسٹاف میں سے 14 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے ہوئے استعمال اور انتظامی ڈھانچے کو آسان بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
ایمازون کے جاری کردہ نوٹ میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بیوروکریسی کو کم کرنا، اضافی انتظامی سطحیں ختم کرنا اور وسائل کو کمپنی کے اہم منصوبوں کی جانب منتقل کرنا ہے۔
کمپنی کے سینئر نائب صدر بیتھ گلیٹی نے کہا کہ بھرتی کا عمل آئندہ بھی “انتخابی بنیادوں پر” جاری رہے گا، یعنی بعض شعبوں میں کمی اور دیگر میں نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔ رپورٹس کے مطابق کورونا وبا کے دوران کمپنی نے ضرورت سے زیادہ بھرتیاں کی تھیں، جنہیں اب مرحلہ وار کم کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ سال کے اختتام تک ایمازون کے کل ملازمین کی تعداد 15 لاکھ 60 ہزار سے زائد تھی، جن میں سے تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار کارپوریٹ شعبے میں شامل ہیں۔ متاثرہ ملازمین کو کمپنی کے اندر کسی نئی پوزیشن کے لیے درخواست دینے کے لیے 90 روز کا وقت دیا جائے گا، اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا۔
ایمازون کے سی ای او اینڈی جیسی نے کہا کہ کمپنی مستقبل میں جنریٹیو اے آئی پر زیادہ انحصار کرے گی، جس کے نتیجے میں انسانی افرادی قوت کی ضرورت کم ہو جائے گی۔ کمپنی اس سال 118 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، جس کا بڑا حصہ کلاؤڈ اور اے آئی انفراسٹرکچر پر خرچ ہوگا۔





