9  مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس، تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی

(کامران علی شاہ)
پشاور : پشاور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر ہونے والے حملے کے مقدمے میں نامزد سابق صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت، ریڈیو پاکستان کے وکیل کی عدم پیشی کے باعث ملتوی کر دی گئی ہے۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد خان نے مقدمے کی سماعت کی، جس کے دوران نامزد ملزمان تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے مقدمے کے اندراج کے وقت اور طریقہ کار پر اعتراضات اٹھائے۔

 وکیلِ صفائی کا مؤقف تھا کہ 2023 میں وقوعہ کے وقت اعجاز خان ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر تھے، تاہم تقریباً دو سال کے وقفے کے بعد 2025 میں اس کیس کو دوبارہ اٹھایا گیا۔

 انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 9 مئی کو حملے کے روز مقدمہ درج کیا گیا تھا، جبکہ درخواست گزار اس سے قبل جی ٹی روڈ پر احتجاج سے متعلق ایک مقدمے میں بری بھی ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات، علاقائی سلامتی اور سکیورٹی تعاون پر اہم گفتگو

وکیلِ صفائی نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ بعد ازاں ریڈیو پاکستان کے نئے ڈائریکٹر طفیل احمد کی جانب سے مقدمہ درج کرایا گیا، اور جس ویڈیو کو بنیاد بنا کر ملزمان کو اس کیس میں نامزد کیا گیا ہے، اس ویڈیو کے ماخذ اور اس کی مستند حیثیت پر بھی قانونی سوالات موجود ہیں۔

 وکیل کا کہنا تھا کہ اگر اس ویڈیو کو درست تسلیم بھی کر لیا جائے تو محض کسی ویڈیو میں کھڑا نظر آنا کسی جرم کے زمرے میں نہیں آتا۔

دوسری جانب استغاثہ اور ریڈیو پاکستان کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل سماعت کے دوران عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔

 فریقِ مخالف کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث عدالت نے کارروائی کو کچھ دیر کے لیے ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا کہ کیس کی مزید سماعت ریڈیو پاکستان کے وکیل کی عدالت میں پیشی سے مشروط ہوگی۔

Scroll to Top