محکمۂ موسمیات نے موسم کی تازہ پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار، دسمبر میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ۔
تفصیلات کے مطابق دسمبر کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سردی کی شدت اور دھند کے بڑھتے خطرات کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔محکمۂ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر میدانی علاقے سرد اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی برقرار رہے گی۔
خیبر پختونخوا میں ہلکی دھندپشاور، صوابی، مردان، ڈی آئی خان اور قریبی علاقوں میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی دھند چھا سکتی ہے۔ مجموعی طور پر صوبے میں سرد اور خشک موسم ہی غالب رہے گا۔
پنجاب میں دھند اور سموگ چھانے کا امکان رپورٹ کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ملتان، خانیوال، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور اور گردونواح میں صبح کے وقت دھند اور سموگ پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے حدنگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔
بلوچستان میں شدید سردی کی لہربلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت شدید سردی کا راج رہے گا۔زیارت، بابوسر، گوپس اور قلات سمیت بالائی علاقوں میں درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
سندھ میں خشک موسم برقرارصوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں دن کے وقت موسم خشک جبکہ رات اور صبح کے وقت موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان منجمد سردی کی لپیٹ میںکشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم انتہائی سرد اور خشک رہے گا، جبکہ رات اور صبح کے وقت شدید سردی پڑے گی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجۂ حرارت میں:
سکردو میں منفی 11 ڈگری
لہہ میں منفی 9 ڈگری
گلگت میں منفی 6 ڈگری
زیارت، بابوسر، گوپس اور قلات میں منفی 4 ڈگری
استور میں منفی 3 ڈگری
جبکہ کوئٹہ میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے، جبکہ دسمبر کے دوران بارشوں کا نیا سلسلہ ملک کے مختلف علاقوں کو متاثر کرے گا۔ شہریوں کو تجویز کی گئی ہے کہ دھند اور سموگ کے دوران سفر سے قبل احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔





