دھند کے باعث موٹروے ایم 1 پشاور سے رشکئ تک بند

دھند کے باعث موٹروے ایم1 پشاور سے رشکئی تک بند، پنجاب میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی

تفصیلات کے مطابق شدید دھند نے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔ موٹر وے حکام کے مطابق حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے موٹروے ایم1 کو پشاور سے رشکئی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کی صورت میں فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں۔

ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی تشویشناک سطح پر پہنچ گئی ہے۔محکمہ ماحولیات پنجاب کی ویب سائٹ کے مطابق:

گوجرانوالہ میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 349
رحیم یار خان میں 321
ملتان میں 315
ریکارڈ کیا گیا، جو صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا جاتا ہے۔

کچھ دیر قبل لاہور 311 پارٹیکولیٹ میٹر کے ساتھ دنیا کے بڑے شہروں میں آلودہ ترین شہر بن گیا تھا۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو ماسک کے استعمال، صبح کے وقت سفر سے اجتناب اور زیادہ دیر تک کھلی فضا میں رہنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

شدید دھند اور اسموگ کے باعث ٹریفک حادثات کے خدشات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور صورتِ حال بہتر ہونے تک غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔

Scroll to Top