جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای کی ریسلنگ دنیا سے باضابطہ طور پر الوداع کر دیا
تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای کے مشہور اور لیجنڈ ریسلر جان سینا نے اپنے شاندار اور یادگار کیریئر کو باضابطہ طور پر الوداع کہہ دیا ہے۔ یہ لمحہ واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے سنیچر نائٹ کے مین ایونٹ میں سامنے آیا، جہاں سینا نے آخری بار ریسلنگ کے میدان میں قدم رکھا اور مداحوں کو جذباتی لمحے سے دوچار کر دیا۔
17 مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن جان سینا نے اپنے آخری مقابلے میں آسٹریا کے اسٹار ریسلر گنتر کا سامنا کیا۔ دونوں ریسلرز کے درمیان مقابلہ زبردست اور برابر کا رہا، اور ایک موقع پر یہ محسوس ہو رہا تھا کہ میچ جان سینا کے حق میں جا رہا ہے۔ تاہم گنتر کے مسلسل اور سخت سلیپر ہولڈ کے سامنے سینا خود کو بچانے میں ناکام رہے اور مقابلہ گنتر کے حق میں ختم ہوا۔
مقابلے کے اختتام پر جان سینا نے علامتی طور پر اپنے جوتے، آرم بینڈ اور کلائی بینڈز رنگ میں رکھ دیے، جو ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کی واضح علامت سمجھی جاتی ہے۔ اس موقع پر مداحوں اور ساتھی ریسلرز نے سینا کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں ان کے شاندار کیریئر پر مبارکباد دی۔
جان سینا کی ریسلنگ کیریئر 20 سال سے زائد عرصے پر محیط ہے، جس میں انہوں نے نہ صرف کئی ورلڈ چیمپئن شپ جیتی بلکہ ریسلنگ کی دنیا میں ایک ثقافتی اور متاثر کن شخصیت کے طور پر اپنی پہچان بنائی۔ ان کی ریٹائرمنٹ نہ صرف ان کے لیے بلکہ عالمی ریسلنگ کے مداحوں کے لیے بھی ایک جذباتی لمحہ ہے، کیونکہ انہوں نے اپنی محنت، لگن اور حوصلے سے لاکھوں دلوں میں جگہ بنائی۔
یہ الوداعی لمحہ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ میں ایک یادگار باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جس نے ریسلنگ کی دنیا میں اپنی شاندار پہچان قائم رکھی۔





