سڈنی میں فائرنگ کے ہولناک واقعے میں 12 ہلاک، متعدد زخمی

آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ایک ساحل پر ہونے والے ہولناک فائرنگ واقعے میں 12 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہو گئے۔

ہلاک ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق تقریب میں تقریباً ایک ہزار افراد موجود تھے جب ملزمان نے فٹ برج سے ہجوم پر فائرنگ کی جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک حملہ آور بھی شامل ہے جبکہ دوسرا حملہ آور پولیس نے حراست میں لے لیا، آسٹریلوی پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے کی گاڑی سے دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

آسٹریلوی وزیرِاعظم نے اس حملے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مناظر چونکا دینے والے اور انتہائی پریشان کن ہیں اور وہ متاثرین کے ساتھ ہیں۔

آسٹریلیا کی مسلم کمیونٹی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پُرتشدد اور مجرمانہ اقدامات کی کوئی گنجائش نہیں اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق مکمل جوابدہ ہونا چاہیے۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ایک حملہ آور کو وہاں موجود شہری نے اپنی جان پر کھیل کر پکڑا اور اس کا اسلحہ چھین کر متعدد لوگوں کی جانیں بچائیں۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کی بونڈائی بیچ پر فائرنگ، نیو ساؤتھ ویلز کے شیخ نوید نے سوشل میڈیا پروپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس اور امریکی محکمہ خارجہ نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے مرنے والوں کے ورثا سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ آسٹریلیا میں یہ سفاکانہ اور مہلک حملہ خوف و ہراس پیدا کرنے والا ہے۔

Scroll to Top