شدید دھند، حد نگاہ صفر،موٹرویز ٹریفک کیلئے بند

حد نگاہ صفر، شدید دھند کے باعث ایم ون، ایم فور، ایم الیون سمیت کئی موٹر ویز بند، شہریوں کو دن کے اوقات میں سفر کا مشورہ

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدنگاہ صفر ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر موٹر وے پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد موٹر ویز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم ون (پشاور تا رشکئی)، ایم فور اور ایم الیون سمیت مختلف اہم موٹر ویز پر ہر قسم کی ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث حادثات کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے، اس لیے شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

موٹر وے پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ سفر کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال کریں، مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور غیر ضروری سفر مؤخر کر دیں۔ ترجمان کے مطابق شدید دھند کے دوران رات کے اوقات میں سفر نہ کرنا ہی محفوظ ترین اقدام ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات سے کمزور مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بیشتر علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ اسی طرح کشمیر، مری اور گلیات میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ دھند کی صورتحال بھی برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور تازہ ترین ٹریفک اپڈیٹس پر نظر رکھیں۔

Scroll to Top