عمران خان فوج کو اپنی جماعت کا ذیلی ادارہ بنانا چاہتے تھے: خواجہ آصف

Pakistan SCO Summit 2026

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی چاہتے تھے کہ فوج ان کی جماعت کا ذیلی ادارہ بن جائے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اقتدار سے محروم ہو کر اپنے زخم چاٹ رہی ہے، 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات مذموم مقاصد کے لیے ہوئے۔خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ قومی املاک پر حملوں اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کے واقعات حقیقی ہیں، پی ٹی آئی کی سیاست ایک ذات کے لیے ہے، انہیں ملک سے کوئی سروکار نہیں، پی ٹی آئی کا طرز عمل بالکل بھی سیاسی نہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک استحکام کی راہ پر گامزن ہے، معاشی میدان میں کامیابیاں مل رہی ہیں، قومی محاذ پر کامیابی سے پی ٹی آئی کی بے چینی اور بیزاری میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے ملکی مفادات کو نقصان پہنچانے کی سازش کی ہے، یہ سنجیدہ لوگ نہیں، ذاتی مفادات کے لیے کر رہے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ عوام باشعور ہیں، پی ٹی آئی کا مکروہ چہرہ سامنے آگیا، ملک کے خلاف تمام سازشیں ناکام ہوں گی، ہم نے سیاسی انتقام کا سامنا کیا، لیکن ملک کے وقار کے خلاف بات نہیں کی، انتشار کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہوجائے گی۔خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ اہم سفارتی، عسکری اور اقتصادی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مثالی ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر برطانیہ کے اہم دورے پر ہیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top