صوابی : صوابی میں رکن قومی اسمبلی شہرام خان ترکئی، رکن صوبائی اسمبلی فیصل خان ترکئی اور سینیٹر لیاقت خان ترکئی کے سیاسی حلقے میں بنیادی عوامی سہولتوں کی عدم دستیابی پر علاقہ مکینوں کی جانب سے شدید تحفظات اور تنقید سامنے آ رہی ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں ہسپتالوں، سڑکوں، نکاسی آب اور تعلیمی اداروں کی ابتر صورتحال نے گزشتہ 13 سالوں کے دوران کیے جانے والے ترقیاتی کاموں اور اربوں روپے کے فنڈز خرچ کرنے کے دعوؤں پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
صوابی عوام کی جانب سے اس صورتحال کو گزشتہ صوبائی حکومت کی کارکردگی سے جوڑتے ہوئے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
عوام کا مؤقف ہے کہ ترکئی خاندان کے افراد طویل عرصے سے صوابی کی سیاست میں متحرک ہیں اور پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں اہم وزارتی عہدوں پر بھی فائز رہے ہیں، تاہم گزشتہ 13 برسوں کے دوران خیبر پختونخوا اور بالخصوص صوابی میں عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے مبینہ طور پر وسائل کا درست استعمال نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ٹویوٹا یارس کا 2027 ماڈل متعارف، نئے ڈیزائن، جدید فیچرز اور قیمتوں کی تفصیلات سامنے آگئیں
شہریوں کے مطابق صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد اس سیاسی اثر و رسوخ کا احتساب شروع ہو چکا ہے اور اب عوامی سطح پر ان کی گزشتہ کارکردگی پر کھل کر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق حلقے کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، ادویات اور دیگر بنیادی طبی سہولتوں کا شدید فقدان ہے، جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اسی طرح علاقے کی متعدد مرکزی اور ذیلی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جبکہ گلیوں اور نالیوں کی خستہ حالی اور نکاسی آب کے ناقص نظام نے شہریوں کی روزمرہ زندگی اجیرن بنا دی ہے، اور بعض مقامات پر علاقے کھنڈر کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے بھی اس زبوں حالی سے محفوظ نہیں ہیں اور متعدد سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتیں تک دستیاب نہیں ہیں۔
شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر حکومتوں کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کرنے کے دعوے کیے جاتے رہے ہیں تو ان منصوبوں کے ثمرات عام آدمی تک کیوں نہیں پہنچ سکے؟
یہ بھی پڑھیں : ایبٹ آباد: نتھیاگلی میں خوفناک ٹریفک حادثہ، سوزوکی گاڑی گہری کھائی میں جاگری، خاتون جاں بحق، دو افراد زخمی
عوام کا کہنا ہے کہ طویل سیاسی اثر و رسوخ، وزارتی عہدوں اور اقتدار میں مسلسل نمائندگی کے باوجود صوابی کے بنیادی مسائل کا جوں کا توں برقرار رہنا کئی شکوک و شبہات کو جنم دے رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محض دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے، ٹوٹی سڑکوں کی فوری مرمت، نکاسی آب کے نظام کی بحالی اور اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب ترکئی خاندان اور پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں کی جانب سے ماضی میں ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے یہ مؤقف اختیار کیا جاتا رہا ہے کہ ان کے ادوار میں صوابی میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات لائی گئیں اور فنڈز کی تقسیم میں مکمل شفافیت برتی گئی، جبکہ موجودہ انتظامی مسائل کی ذمہ داری موجودہ صورتحال اور فنڈز کی عدم فراہمی پر عائد کی جاتی ہے۔





