اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کی طرف اشارہ دے دیا ہے، تاہم اس کا دارومدار جیل میں رہائشیوں کے لیے مقرر کردہ قوانین کی پاسداری پر ہوگا۔
وفاقی وزیر نے نجی ٹی وی کےپروگرام گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا رویہ بہتر ہوا ہے اور اگر پی ٹی آئی کے رہنما جیل مینول کی مکمل پاسداری کریں تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ممکن ہوگی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ نواز شریف جیل میں تھے تو ان کے وکلا کبھی سیاسی بات نہیں کرتے تھے، وہ صرف مقدمات اور قانونی امور پر توجہ دیتے تھے۔
تاہم اب کچھ لوگ سیاسی گفتگو کے لیے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں، جس کی صورت میں ملاقات روک دی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے بانی پی ٹی آئی کے جیل کے معمولات پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ عمران خان کا ناشتہ عام شہری کے چار دن کے کھانے کے برابر ہے اور انہیں جیل میں ورزش کے لیے ٹریڈ مل دستیاب ہے، جس میں وہ ڈیڑھ گھنٹے سائیکلنگ کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاک بحریہ نے جدید میزائل سسٹمز کے ساتھ فضائی دفاع کی تیاری ثابت کر دی
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی کال پر عوام اب بڑے پیمانے پر سڑکوں پر نہیں نکلتے۔
خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہونے کے باوجود لوگ باہر احتجاج یا ریلیوں میں شامل نہیں ہو رہے اور پارٹی کے ووٹر مایوس ہو کر گھر بیٹھ گئے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق ملاقات اور جیل میں سہولتیں جیل قوانین کی مکمل پاسداری اور سکیورٹی کے مطابق ہی ممکن ہیں، اور حکومت اس معاملے میں شفافیت اور قانونیت پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے گی۔





