راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حال ہی میں لیبیا کا سرکاری دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو لیبیا پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
اس موقع پر انہوں نے لیبیا کے کمانڈر ان چیف خلیفہ حفتر سے ملاقات کی، جس میں دفاعی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے انسداد دہشت گردی، صلاحیت سازی، تربیتی پروگرامز اور فوجی تعاون کے دیگر پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی، باہمی دلچسپی کے امور اور مشترکہ سیکیورٹی حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی۔
لیبی کمانڈر خلیفہ حفتر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور تجربے کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں قبائلی عمائدین اور پاک فوج کا امن جرگہ، مکمل تعاون کی یقین دہانی
پاک فوج کی قیادت نے بھی دو طرفہ دفاعی تعلقات کے فروغ، تربیت اور عسکری مہارت کے تبادلے کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات کو بڑھایا جا سکے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے فوجی حکام نے مستقبل میں مشترکہ مشقوں، تربیتی ورکشاپس اور انسداد دہشت گردی کے منصوبوں پر بھی بات چیت کی، جس کا مقصد علاقائی استحکام اور سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
یہ دورہ پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی تعاون کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کی عسکری اور سفارتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی توقع ہے۔





