اسلام آباد: اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2025 میں گاڑیوں کی خریداری کے لیے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق نومبر میں گاڑیوں کی خریداری کے لیے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 318 ارب روپے رہا، جو پچھلے سال نومبر کے مقابلے میں 35.5 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں یہ حجم 235 ارب روپے تھا۔
ماہانہ بنیادوں پر اکتوبر 2025 کے مقابلے میں نومبر 2025 میں گاڑیوں کی خریداری کے لیے بینکوں کی جانب سے قرضہ جات میں معمولی اضافہ بھی دیکھنے میں آیا، جس میں قرضہ جات کا حجم 0.8 فیصد بڑھ کر 318 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ اکتوبر میں یہ رقم 315 ارب روپے تھی۔
مالی ماہرین کے مطابق گاڑیوں کی خریداری کے لیے بینکوں کی جانب سے قرضہ جات میں اضافہ ملک میں آٹو مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب اور صارفین کی خریداری کی استعداد میں بہتری کا مظہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں قبائلی عمائدین اور پاک فوج کا امن جرگہ، مکمل تعاون کی یقین دہانی
اس کے علاوہ، بینکوں کی جانب سے سستے اور آسان قرضہ جات کی فراہمی نے بھی مارکیٹ میں صارفین کی دلچسپی کو بڑھایا ہے۔
آٹو سیکٹر کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس رجحان کے برقرار رہنے سے ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ متوقع ہے اور اس سے معیشت کی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔





