شمالی وزیرستان: شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے زیر انتظام قبائلی مشران اور عمائدین کا ایک اہم جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں علاقے کی امن و خوشحالی، ترقیاتی امور اور سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جرگے کی صدارت جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) نے کی اور انہوں نے قبائلی عمائدین کے علاقے میں امن قائم رکھنے میں کلیدی کردار کو سراہا۔
شرکاء کو علاقے میں سرگرم دہشت گرد عناصر کی جانب سے امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔
جرگے میں شامل عمائدین نے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، انتظامی چیلنجز اور عوامی سہولیات کے مسائل پر اپنی تجاویز پیش کیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک سیکورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور کسی بھی طرح کے امن خراب کرنے والے عناصر کو کامیابی حاصل نہیں ہونے دیں گے۔
جی او سی نے جرگے کے دوران مقامی رہنماؤں کے ساتھ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ قبائلی کمیونٹی اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مضبوط رابطہ اور تعاون علاقے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں امن جرگہ: امن خراب کرنے والوں کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت کا اعلان
جرگے کا اختتام قومی یکجہتی، سلامتی اور خطے میں امن و ترقی کی دعاؤں کے ساتھ کیا گیا۔
شرکاء نے امن قائم رکھنے، قانون کی بالادستی کو فروغ دینے اور دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا عزم دہرایا۔
یہ جرگہ شمالی وزیرستان میں مقامی کمیونٹی اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی اعتماد کی ایک اور مثال کے طور پر سامنے آیا، جس کا مقصد خطے میں دیرپا امن اور ترقی کو یقینی بنانا ہے۔





