اسلام آباد: وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمان کی زیر صدارت نصاب کمیٹی برائے تربیت حجاج کا اجلاس ہوا، جس میں عازمین حج 2026 کے لیے تربیتی پروگرام کے آغاز اور شیڈول کا اعلان کیا گیا۔
ڈاکٹر سید عطاء الرحمان نے کہا کہ تربیتی پروگرام یکم جنوری سے شروع ہوگا اور ہر عازم حج کے لیے ایک روزہ تربیتی سیشن میں شرکت لازمی ہوگی۔
انہوں نے زور دیا کہ حاجی اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق اس تربیت میں شامل ہوں تاکہ مناسک حج اور انتظامی امور کی مکمل آگاہی حاصل کی جا سکے۔
وفاقی سیکرٹری نے بتایا کہ تربیتی شیڈول کے حوالے سے تمام عازمین حج کو اطلاعات پاک حج 2025 موبائل ایپ، وزارت کی ویب سائٹ اور SMS کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، تاکہ ہر عازم اپنے تربیتی سیشن کے بارے میں بروقت آگاہ رہ سکے۔
اجلاس میں نصاب کمیٹی کے سربراہ، جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم خان نے کہا کہ وزارت مذہبی امور اور حاجی کیمپوں کے تجربہ کار ماسٹر ٹرینرز اور علماء جدید ملٹی میڈیا ٹولز کے ذریعے تربیت فراہم کریں گے، جس میں مناسک حج کی تفصیلات، صحت و صفائی، اور انتظامی ہدایات شامل ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : جوہری پروگرام جاری رکھا تو فوری حملے کی حمایت کریں گے، ٹرمپ کی ایران کو دھمکی
اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری ناصر عزیز خان، فہد احمد، رانا محمد مجاہد اور دیگر ماسٹر ٹرینرز بھی شریک ہوئے، جو تربیتی سیشنز میں عازمین کی رہنمائی کریں گے اور ان کے سوالات کے جوابات دیں گے۔
ڈاکٹر عطاء الرحمان نے واضح کیا کہ یہ تربیتی پروگرام ہر عازم کے لیے حج کی کامیابی اور آسانی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے اور اسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔





