سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، شہید میجر عدیل زمان جیسے سپوت قوم کا فخر ہیں، صدر و وزیراعظم

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے 5 دہشت گردوں کی ہلاکت پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر اور وزیراعظم نے اس کارروائی کے دوران شہید ہونے والے میجر عدیل زمان کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ میجر عدیل زمان کی جرأت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور وطن کے لیے عظیم قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی میجر عدیل زمان شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید میجر عدیل جیسے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم شہدا اور ان کے خاندانوں کے احسانات کا قرض کبھی ادا نہیں کر سکتی۔

یہ بھی پڑھیں : باجوڑ :سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 خوارج ہلاک، میجر عدیل زمان شہید

سیکیورٹی فورسز نےخیبرپختونخواکے ضلع باجوڑ کے مرکزی شہر خارمیں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ 5 خوارج کو ہلاک کردیاجبکہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر عادل زمان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں پانچ خوارج ہلاک ہوگئے۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان کے 36 سالہ میجرعادل زمان شہید ہو گئے۔میجر عادل زمان نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیااورمادروطن کےدفاع میں جان قربان کر دی۔

ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، علاقے میں دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

Scroll to Top