ریاست دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے، ترجمان پاک فوج

ریاست دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے، ترجمان پاک فوج

ترجمان پاک فوج اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک میں دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور اقدامات کی تفصیلات جاری کیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ گذشتہ سال دہشتگردی کے خلاف کامیاب آپریشنز کیے گئے، اور پچھلے سال کل 75,175 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز انجام دیے گئے جبکہ ملک میں دہشتگردی کے 5,400 واقعات رونما ہوئے۔ ان واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اور شہریوں کی شہادتیں 1,235 تک ریکارڈ کی گئیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ریاست انسداد دہشتگردی کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا،’’ریاست کا دہشتگردی کے خلاف موقف واضح ہے، دنیا نے پاکستان کے دہشتگردی کے خلاف اقدامات کو سراہا ہے، اور ہم دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ خوارج کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور یہ عناصر پاکستان کے لیے بیرونی خطرہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال کل 5,397 انسداد دہشتگردی آپریشنز کیے گئے اور سب سے اہم نکتہ یہ ہے کہ 80 فیصد دہشتگردی کے واقعات خیبرپختونخوا میں ہو رہے ہیں، جس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ یہ اقدامات ریاست اور عوام کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور تعاون کے ذریعے ملک میں امن و امان قائم رکھنے اور دہشتگردی کے خطرے کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top