وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان کے خلاف جاری بے بنیاد پروپیگنڈے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ ترسیلاتِ زر بھجوانے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سمندر پار مقیم پاکستانی اپنے وطن کے ساتھ مضبوط رشتہ رکھتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہےکہ دسمبر 2025 کے دوران 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں جو گزشتہ برس کے اسی عرصے کے مقابلے میں 16.5 فیصد زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ اوورسیز پاکستانیوں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے، ترسیلاتِ زر بھیجنا اوورسیز پاکستانیوں کی اپنے وطن سے محبت اور وابستگی کی اعلیٰ مثال ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور مجھ سمیت پوری قوم کو اوورسیز پاکستانیوں پر فخر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترسیلات زر میں 7.4 فیصد اضافہ، جولائی میں 3.2 ارب ڈالر کی ریکارڈ آمدنی
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے فلاحی اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور ان کی سہولت و بہبود کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔





