کرکٹ شائقین کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں، آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو رہا ہے۔
میگا ایونٹ میں دنیا بھر کی نوجوان ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی، جبکہ آج کے دن ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں تین سنسنی خیز مقابلے کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کے پہلے میچ میں روایتی طور پر مضبوط ٹیم بھارت اور امریکا کی انڈر 19 ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جہاں بھارتی ٹیم فیورٹ تصور کی جا رہی ہے تاہم امریکی ٹیم بھی اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
دن کے دوسرے مقابلے میں زمبابوے اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جس میں دونوں ٹیمیں فتح کے ساتھ ایونٹ کا آغاز کرنے کی کوشش کریں گی۔
آج کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز اور تنزانیہ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی، جہاں میزبان ٹیم کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ حاصل ہوگا۔
دوسری جانب قومی انڈر 19 ٹیم آج ہرارے میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی، جہاں کھلاڑی پریکٹس کے دوران اپنی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ صلاحیتوں کو مزید نکھاریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی، ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور
ٹیم مینجمنٹ کے مطابق کھلاڑی مکمل طور پر پُرعزم اور فٹ ہیں اور بڑے مقابلے کے لیے تیار دکھائی دے رہے ہیں۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم اپنا پہلا میچ کل انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی، جو ایک سخت اور دلچسپ مقابلہ متوقع ہے۔
شائقین کرکٹ کو قومی ٹیم سے شاندار کارکردگی اور ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کی امیدیں وابستہ ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ نوجوان کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور عالمی سطح پر خود کو منوانے کا بہترین پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے، جہاں ماضی میں کئی بڑے اسٹار کھلاڑی ابھر کر سامنے آ چکے ہیں۔





