جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی، ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور

پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے تھانہ سٹی کی حدود چمن پارک میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

کھلی کچہری میں علماء کرام، علاقہ معززین اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی سعید یدون، ڈی ایس پی ٹریفک فیصل حفیظ، ایس ایچ او تھانہ سٹی صدیق شاہ سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔

اہلِ علاقہ نے ڈی پی او ہری پور کو درپیش مسائل، امن و امان، ٹریفک اور دیگر عوامی نوعیت کے امور سے آگاہ کیا، جس پر ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری اور مؤثر احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کا بروقت حل پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

منشیات فروشوں، قبضہ مافیا، سود کا کاروبار کرنے والوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا سے افغان شہریوں کی وطن واپسی کا عمل جاری

منشیات فروشی ایک سماجی لعنت ہے جس کے خاتمے کے لیے علماء کرام منبر و محراب کے ذریعے عوام میں آگاہی پیدا کریں تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون سے ہی ضلع ہری پور کو جرائم سے پاک بنایا جا سکتا ہے۔ ضلع بھر میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ٹریفک مسائل کے حل کے لیے جامع پلان ترتیب دیا جا رہا ہے۔ پبلک لیزان کمیٹیوں کو مزید فعال کیا جا رہا ہے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان رابطہ مضبوط ہو۔

ڈی پی او ہری پور نے مزید بتایا کہ عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جا چکا ہے جو ضلع بھر میں تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔

کھلی کچہری کے اختتام پر ضلع ہری پور میں امن و امان، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Scroll to Top