پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاورکے علاقے بازید خیل میں نامعلوم مسلح افراد نے نجی بینک میں گھس کر فائرنگ کی اور ایک سیکیورٹی گارڈ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق واقعہ تھانہ انقلاب کے حدود میں پیش آیا، جہاں ملزمان نے بینک کے عملے کو یرغمال بنایا اور بعد میں فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واردات کے بعد قاتل مقتول کے ساتھ موجود سکیورٹی کمپنی کا پستول بھی لے کر موٹر سائیکل پر فرار ہوئے۔
نجی بینک کی بازید خیل برانچ کے منیجر ذوالفقار ولد غلام سرور نے بتایا کہ وہ گزشتہ روز عملے کے ہمراہ بینک میں موجود تھے کہ اس دوران تین مسلح افراد اندر داخل ہوئے اور اسلحے کی نوک پر دونوں سیکیورٹی گارڈز اور عملے کے دیگر افراد کو یرغمال بنا لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے دھمکی دی کہ ان کا بینک کی رقم سے کوئی لینا دینا نہیں، لیکن اسی دوران انہوں نے فائرنگ کر کے سیکیورٹی گارڈ محمد شیر ولد چراغ شاہ کو قتل کر دیا۔
دوسرا گارڈ نور حیدر خوف کے باعث حرکت نہ کر سکا۔پولیس نے منیجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت میں کھیلنے کا مؤقف بدل گیا؟ بنگلادیشی اسپورٹس ایڈوائزر نے حقیقت سامنے لا دی
تفتیش کے دوران واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے قاتلوں کے سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے بینک عملے اور گواہوں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔





