دھند نے ٹریفک کی روانی متاثر کر دی، موٹرویز عارضی طور پر بند

پنجاب کے کئی شہروں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں اہم موٹرویز بند کر دی گئی ہیں۔

موٹروے پولیس کے مطابق بندشیں درج ذیل مقامات پر نافذ کی گئی ہیں:

موٹروے ایم 3: فیض پور سے سمندری تک
موٹروے ایم 4: شیرشاہ سے عبدالحکیم تک
موٹروے ایم 5: شیرشاہ سے ظاہر پیر تک
موٹروے ایم 11: لاہور سے سمبڑیال تک

موٹروے پولیس کے افسر سید عمران احمد نے بتایا کہ دھند کی شدت کی وجہ سے حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہو گئی ہے، اور اس وجہ سے موٹرویز پر ٹریفک بند کرنا ناگزیر تھا۔

انہوں نے کہا کہ بندش کے دوران ٹریفک قومی شاہراہوں پر منتقل ہو گئی ہے اور پولیس اس کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہے۔

شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دن کے اوقات میں سفر کریں، دھند میں گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی فوج نے وینزویلا کے تیل سے منسلک ساتواں جہاز قبضے میں لے لیا

ہیڈلائٹس اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں تاکہ دیگر ڈرائیورز واضح طور پر نظر آئیں۔ ہنگامی صورتحال یا مدد کے لیے موٹر وے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

سید عمران احمد نے کہا کہ دھند کے دوران غیر محتاط ڈرائیونگ حادثات اور قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنی چاہیے۔

Scroll to Top