خیبرپختونخوا حکومت نے عوام کی ریلیف کے لیے گندم کی ریلیز شروع کر دی

پشاور : وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ہدایت پر صوبائی محکمہ خوراک نے اسٹریٹجک ذخائر سے ایک لاکھ 36 ہزار میٹرک ٹن گندم کی ریلیز کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ عوام کو مہنگائی اور قیمتوں کے دباؤ سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بین الصوبائی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں کے باوجود عوام کی ضروریات کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا اور خوراک کی دستیابی کو کسی صوبائی یا انتظامی رکاوٹ کا یرغمال نہیں بننے دیا جائے گا۔

سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 151 ملک بھر میں اشیاء کی آزادانہ نقل و حرکت کی ضمانت دیتا ہے، اور صوبے کی اوپن مارکیٹ میں 100 کلو گندم کی قیمت 13,650 روپے تک پہنچ گئی تھی، تاہم حکومت خیبرپختونخوا میں گندم 10,414 روپے فی 100 کلو کی رعایتی قیمت پر فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عوام کو آٹا 20 کلو کے تھیلے میں 3,020 روپے کے بجائے 2,220 روپے کی رعایتی قیمت پر دستیاب ہوگا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ گندم کی ریلیز مکمل طور پر شفاف اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہوگی، اور صرف مستحق فلور ملز اور مجاز ڈیلرز کو گندم فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا آٹے کی قیمتوں کے بارے میں بڑا اعلان

سہیل آفریدی نے کہا کہ مقررہ سرکاری نرخوں پر آٹے کی فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

ضلع اور تحصیل سطح پر مانیٹرنگ اور فزیکل ویریفکیشن کی جائے گی اور ذخیرہ اندوزی یا سرکاری نرخوں سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے زور دے کر کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا ہر حال میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور غریب آدمی کے مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ یہ اقدام صوبے کے عوام کو مہنگائی اور خوراک کی قلت سے بچانے کے لیے ایک مضبوط قدم ہے۔

Scroll to Top