خیبرپختونخوا میں پہلے سینٹر آف ایکسیلنس فار اسٹیم کا باقاعدہ افتتاح

پشاور: خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور نئی نسل کو عصری علمی و تحقیقی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے صوبے میں پہلے سینٹر آف ایکسیلنس فار اسٹیم (STEAM) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔

یہ مرکز سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی کے شعبوں میں تحقیق، تربیت اور تعلیمی معیار کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب خیبرپختونخوا ہائر ایجوکیشن اکیڈمی آف ریسرچ اینڈ ٹریننگ (HEART)، حیات آباد پشاور میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان افریدی مہمانِ خصوصی کے طور پر موجود تھیں۔

تقریب میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اعلیٰ حکام، تعلیمی ماہرین، اساتذہ اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مینا خان افریدی نے کہا کہ سینٹر آف ایکسیلنس فار اسٹیم صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اپنی نوعیت کا منفرد اور دیرپا اثر رکھنے والا اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرکز کے قیام سے طلبہ کو جدید سائنسی اور تحقیقی مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے اور وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے قابل بن سکیں گے۔

وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے مزید کہا کہ اسٹیم ماڈل جدید دنیا کی تعلیمی ضروریات سے ہم آہنگ ہے، جس کے ذریعے طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں، تنقیدی سوچ اور مسئلہ حل کرنے کی مہارتوں کو فروغ دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت نے عوام کی ریلیف کے لیے گندم کی ریلیز شروع کر دی

انہوں نے کہا کہ یہ مرکز نہ صرف اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ تحقیق اور اختراعات کے نئے در بھی کھولے گا۔

مینا خان افریدی نے عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت ایسے مزید اقدامات جاری رکھے گی تاکہ تعلیمی ادارے جدید خطوط پر استوار ہوں، تحقیق کو فروغ ملے اور نوجوان نسل کو مارکیٹ بیسڈ اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کی جا سکے۔

Scroll to Top