بھارتی صحافی چیئرمین پی سی بی کی تعریف کرنے پر کیوں مجبور ہوا؟

اسلام آباد: بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کے دوٹوک مؤقف اور جرات مندانہ طرز عمل کی کھل کر تعریف کی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں وکرانت گپتا نے کہا کہ محسن نقوی کا رویہ پی سی بی کی تاریخ میں غیر معمولی ہے، کیونکہ یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی چیئرمین بھارت اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سامنے بغیر کسی دباؤ کے کھل کر بات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا محسن نقوی بھارت اور آئی سی سی کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کر رہے ہیں اور کسی خوف میں مبتلا نہیں ہیں۔

وکرانت گپتا نے مزید دعویٰ کیا کہ محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو واضح ہدایات دی ہیں کہ ورلڈ کپ کی تیاری فی الحال روک دی جائے۔

اس موقع پر وکرانت گپتا نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ایک طرف بھارتی کھلاڑیوں کو میدان میں مصافحہ اور خیر سگالی کے مواقع سے روکا جاتا ہے، جبکہ دوسری جانب تجارتی سرگرمیاں اور مالی مفادات جاری رکھے جاتے ہیں، جو کہ دوہرے معیار کی واضح عکاسی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان کا آخری گروپ میچ آج کھیلا جائے گا

واضح رہے کہ اس سے قبل ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی تقریب کے دوران بھی پاک بھارت کرکٹ تنازع سامنے آیا تھا۔

بھارت نے ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود اختتامی تقریب میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد تناؤ میں اضافہ ہوا تھا۔

ماہرین کے مطابق محسن نقوی کا یہ دوٹوک موقف نہ صرف پی سی بی کی خودمختاری کو مضبوط کرے گا بلکہ بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کے موقف کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

Scroll to Top