این آر او کا خواب ختم! عمران خان کیلئے عدالت کے سوا کوئی چارہ نہیں، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیاتی منصوبوں احسن اقبال نے واضح کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو این آر او دینے والا اب کوئی موجود نہیں، اور اگر ان کی رہائی ممکن ہے تو یہ صرف عدالتوں کے ذریعے ہی ہو سکتی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف اب ’’تحریک انتشار‘‘ بن چکی ہے، اور حکومت کا مقصد اقتصادی لانگ مارچ کو فروغ دینا ہے نہ کہ سڑکوں پر انتشار پھیلانا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی کو ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی اور کرپشن میں سزا یافتہ شخص کو بچانے کے لیے پورے ملک کو یرغمال نہیں بنایا جا سکتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 30 جنوری سے وزیراعظم یوتھ منصوبے کے تحت انقلابی ترقیاتی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں میں انجینئرز کو ایک سال کی انٹرنشپ دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت کی طرف لے جا رہی ہے اور ملک میں فساد یا انتشار سرمایہ کاری کو متاثر کرے گا۔

احسن اقبال نے کہا’’معرکہ حق میں کامیابی ملی ہے، اب معرکہ ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ معرکہ فساد یا انتشار ملک کے لیے نقصان دہ ہوگا اور ہمارا دشمن پاکستان سے بدامنی کے ذریعے بدلہ لینا چاہتا ہے۔

انہوں نے آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی واضح کیا کہ یہ ہمیشہ مطلوبہ دو تہائی اکثریت کے تحت ہی ممکن ہے اور حکومت تنہا کوئی ترمیم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 28 ویں آئینی ترمیم کا کوئی مسودہ ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے۔

Scroll to Top