شہزاد نوید
سوات پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر امجد علی کے خلاف مبینہ ریاست مخالف تقریر کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں ڈاکٹر امجد علی پر ریاستی اداروں اور آئین کے خلاف اشتعال انگیز تقریریں کرنے، بدامنی پھیلانے اور عوامی امن و امان کو خراب کرنے کے الزامات شامل ہیں۔
مقدمہ کوکورائی تھانے میں خوزاخیلا کے رہائشی ساجد علی کی شکایت پر درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں غداری، اشتعال انگیزی اور عوامی امن و امان کو خراب کرنے کے متعلق دفعات شامل ہیں۔ رکن اسمبلی کو پاکستان پینل کوڈ کی تقریباً دس مختلف دفعات کے تحت نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مدعی ساجد علی نے عدالت سے درخواست دی تھی کہ مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی جائے جس کے بعد عدالت نے پولیس کو کارروائی کا حکم دیا۔
معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔





