پشاور پولیس لائنز میں دو نئے آہنی گیٹس نصب، پیدل آنے والوں کے لیے سخت چیکنگ نافذ

پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید نے ملک سعد شہید پولیس لائنز پشاور کا دورہ کیا اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پولیس اسٹبلشمنٹس کی سیکورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

آئی جی پی نے پولیس لائنز کے نئے تعمیر شدہ مرکزی گیٹ کا بھی معائنہ کیا، جو پولیس اسٹبلشمنٹس کی ٹارگٹ ہارڈننگ کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ پیدل چلنے والوں کے لیے سیکورٹی چیک اور واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں تاکہ پولیس لائنز میں داخلی راستہ مزید محفوظ بنایا جا سکے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ ملک سعد شہید پولیس لائنز پشاور شہر کی حفاظت کرنے والے دلیر افسران اور جوانوں کا دوسرا گھر ہے، اور یہاں اہلکاروں کی بہترین رہائش، خوراک، ڈیوٹی اور آمد و رفت سمیت تمام سہولتیں محفوظ اور آسان ہونی چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ پولیس افسران، جوانوں اور سائلین کو سیکورٹی کے ساتھ ہر ممکن آسانی فراہم کی جائے۔

دورے کے دوران چیف کپیٹل سٹی پولیس ڈاکٹر میاں محمد سعید اور ایس ایس پی آپریشنز پشاور فرحان خان نے آئی جی پی کا استقبال کیا اور نئے تنصیب شدہ گیٹس کے بیرونی و اندرونی ڈھانچے سے آگاہ کیا۔ آئی جی پی نے سیکورٹی کو مزید مستحکم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی رہائی پر علی محمد خان اپنی ہی قیادت پر برس پڑے

ذرائع کے مطابق پشاور پولیس لائنز میں پہلے ایک مرکزی گیٹ اور ایک بیرئیر موجود تھا، لیکن اب دو مضبوط آہنی گیٹس نصب کر دیے گئے ہیں اور پیدل چلنے والوں کے لیے مکمل تلاشی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

Scroll to Top