نوشہرہ: نوشہرہ کے علاقے اضاخیل پایاں بھٹی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جب راج ولی کے مکان کی چھت اچانک گر گئی۔ حادثے میں گھر کے خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو 1122 نوشہرہ کی ٹیموں نے کال افسر مرتضیٰ خان کی قیادت میں فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے دبنے والی ایک بچی سمیت تمام افراد کو نکال لیا۔
حادثے میں دعا (1 سالہ) جاں بحق ہوگئی جبکہ دیگر 8 افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو کی میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد NMC ہسپتال نوشہرہ منتقل کیا۔
زخمیوں کی تفصیل:
راج ولی 35 سال (زخمی)
ام بی بی 30 سال (زخمی)
سلیمان 4 سال (زخمی)
علی 11 سال (زخمی)
ملالہ 8 سال (زخمی)
ارمان علی 7 سال (زخمی)
گلالی 6 سال (زخمی)
ایمان 3 سال (زخمی)
ریسکیو 1122 کے میڈیا سیل نے بتایا کہ امدادی ٹیموں کی فوری کارروائی کی بدولت تمام افراد کو بروقت محفوظ نکالا گیا، تاہم چھت گرنے کی وجہ سے ایک معصوم جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مکانوں کی چھتوں کی حفاظتی جانچ پڑتال کرتے رہیں تاکہ ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : ضلع مہمند میں رات گئے افسوسناک واقعہ
یاد رہے کہ گزشتہ رات ضلع مہمند کے علاقے کاکا کور میں رات گئے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جب ایک مکان کی چھت اچانک گر گئی۔
اس حادثے میں ایک خاتون اور دو بچے ملبے تلے دب گئے، جس نے اہل علاقہ کو ہلا کر رکھ دیا۔
ریسکیو 1122 مہمند کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا۔
زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہیڈکوارٹر ہسپتال غلنئی منتقل کیا گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق ابتدائی طبی امداد کے بعد تینوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
حادثہ تحصیل خویزی کے علاقے کاکا کور میں پیش آیا اور ریسکیو آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔
مقامی انتظامیہ نے علاقے میں حفاظتی اقدامات بڑھانے اور عمارتوں کی چھتوں کی حالت جانچنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
یہ واقعہ ایک مرتبہ پھر عوام کے لیے یاد دہانی ہے کہ کمزور یا پرانی عمارتوں میں احتیاط اور بروقت مرمت انتہائی ضروری ہے۔





