اسٹیو اسمتھ پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے

پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن نے آغاز سے پہلے ہی اپنی نوعیت کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے کیونکہ پہلی بار نیلامی ماڈل کے تحت فرنچائزز نے اہم فیصلے کیے اور آسٹریلوی اسٹار اسٹیو اسمتھ لیگ کے سب سے مہنگے کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز نے سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کو ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ فرنچائز نے اس معاہدے کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا، جس کے ساتھ ہی اس بات کی تصدیق ہو گئی کہ اسٹیو اسمتھ پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔

رپورٹس کے مطابق سیالکوٹ اسٹالینز نے اس معاہدے کے لیے اسمتھ کو 14 کروڑ روپے میں سائن کیا، جس کے بعد وہ پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں اور لیگ کی مالی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل قائم ہوا ہے۔

اسی دوران، پی ایس ایل 11 کے لیے ری ٹین کیے گئے کھلاڑیوں کے معاوضوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ پشاور زلمی نے بابر اعظم، لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان کو سات، سات کروڑ روپے میں برقرار رکھا ہے۔

اس سیزن میں پی ایس ایل کے پلیئر سلیکشن سسٹم میں بھی بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ روایتی ڈرافٹ کے بجائے اب نیلامی ماڈل متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت فرنچائزز ہر کیٹیگری سے صرف ایک کھلاڑی کو ری ٹین کر سکتی ہیں، جبکہ باقی اسکواڈ نیلامی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔

Scroll to Top