کشمیر جلد کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے آج مظفرآباد کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے تحریک آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جموں و کشمیر شہداء کے یادگار پر پھول چڑھائے اور کشمیری شھداء کی بہادری اور قربانی کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی شخصیات اور بزرگ فوجی حکام سے ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے عوام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی تعاون پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور ہندو توا نظریے پر مبنی زیادتیاں کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور امنگوں کو دبانے میں ناکام رہی ہیں۔

کشمیری عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے فیلڈمارشل سید عاصم منیرنے کہا کہ کشمیری عوام کی مرضی اور تقدیر کے مطابق کشمیر جلد آزادی کے سنہرے دن دیکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کشمیر کے مسئلہ کو ہر بین الاقوامی فورم پر اجاگر کرتا رہے گااور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

فیلڈ مارشل نے کشمیرمیں تعینات افسران اور جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، جذبہ، عزم اور لڑائی کے لیے تیار رہنے کی صلاحیت کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پرفیلڈ مارشل نے فرنٹ لائن پوسٹ کا بھی دورہ کیا اور وہاں تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور مناسب جواب دیا جائے گا اور پاکستانی مسلح افواج جدید خطرات کے تناظر میں مکمل طور پر تیار ہیں۔

دورے کے آغاز پرفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر راولپنڈی نے کیا۔

Scroll to Top