ٓازبکستان کے صدر کی فیڈمارشل سید عاصم منیر سے ملاقات،دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم

جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے اپنے سرکاری دورۂ پاکستان کے دوران سینئر وزراء کے ہمراہ گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمان اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ادارے کی مختلف سہولیات کا دورہ کرایا۔

دورے کے دوران صدر ازبکستان کو جی آئی ڈی ایس کے متنوع پورٹ فولیو پر بریفنگ دی گئی جس میں جدید دفاعی حل، صنعتی صلاحیتیں اور تکنیکی اختراعات شامل تھیں۔

وفد نے اہم پیداواری تنصیبات کا معائنہ کیا اور مختلف دفاعی مصنوعات کا مشاہدہ کیا جو پاکستان کی مقامی دفاعی پیداوار اور صنعتی ترقی میں بڑھتی ہوئی مہارت کی عکاسی کرتی ہیں۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاع، ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

فریقین نے شراکت داری کے فروغ، علم و تجربے کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کے آغاز کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا ہے۔

Scroll to Top