لاہور: بسنت کی خوشیاں لمحوں میں ماتم میں بدل گئی

لاہور: لاہور میں بسنت کے دوران چھتوں سے گرنے کے متعدد افسوسناک واقعات میں ایک نجی ٹی وی کے رپورٹر سمیت کم از کم چار افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق زین ملک جو لاہور کے علاقے ساندہ کے رہائشی تھے اور نجی ٹی وی سے وابستہ تھے، بسنت کی تقریبات دیکھنے کے لیے چار منزلہ عمارت کی چھت پر موجود تھے۔

اچانک توازن کھونے کے باعث وہ نیچے گر گئے۔ ریسکیو حکام نے فوری طور پر انہیں میاں منشی اسپتال منتقل کیا، تاہم شدید چوٹ کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔

اسپتال کی جانب سے جاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں تصدیق کی گئی کہ زین ملک کی موت اونچی جگہ سے گرنے کے نتیجے میں سر پر لگنے والی چوٹ کی وجہ سے ہوئی۔

بسنت کے دوران اسی طرح کے دیگر واقعات بھی پیش آئے۔ پولیس کے مطابق ٹاؤن شپ کے سیکٹر بی ون میں 25 سالہ امتیاز علی پتنگ پکڑتے ہوئے چھت سے گر گیا اور اسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

اعوان ٹاؤن، گلی نمبر 3 میں پتنگ لوٹنے کے دوران 13 سالہ محمود چھت سے گر گیا اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

لیاقت آباد کے پنڈی اسٹاپ میں 32 سالہ مون مسیح کی ایک ٹانگ ٹوٹ گئی، جبکہ گرین ٹاؤن کے باگڑیاں میں پتنگ بازی روکنے والا 56 سالہ اقبال خود چھت سے گر کر زخمی ہوا۔

مزید براں جوہر ٹاؤن کے جی بلاک میں 50 سالہ کامران آتشبازی کرتے ہوئے زخمی ہوئے اور انہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پتنگ کی ڈور نے بسنت کی خوشیاں چھین لیں، 6 زخمی

اس سے قبل لاہور کے علاقے لوئر مال میں بسنت کے دوران 16 سالہ نوجوان عبداللہ پتنگ بازی کرتے ہوئے چھت سے گر کر جاں بحق ہو گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق نوجوان سیالکوٹ سے بسنت منانے لاہور آیا ہوا تھا۔ ضروری کارروائی کے بعد میت کو مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ بسنت کے دوران جاں بحق ہونے والوں کی تعداد اب چار ہو گئی ہے۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بسنت کے دنوں میں چھتوں اور دیگر خطرناک مقامات پر احتیاط برتیں تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top