کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے علاقے ٹمبلر رِج میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں کم از کم 10 افراد ہلاک جبکہ 25 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلا واقعہ ٹمبلر رِج کے ایک ہائی اسکول میں پیش آیا جہاں فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ بعد ازاں قریبی ایک رہائشی گھر سے 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک زخمی شخص اسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور بھی ہلاک ہوچکا ہے تاہم فائرنگ کے محرکات تاحال واضح نہیں ہوسکے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔





