ٹی 20 ورلڈ کپ: متحدہ عرب امارات نے کینیڈا کوشکست دے دی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بیسویں مقابلے میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے سنسنی خیز معرکے کے بعد کینیڈاکو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

دہلی میں کھیلے گئے اس میچ میں کینیڈا کی جانب سے دیا گیا 151 رنز کا ہدف یو اے ای نے 19.4 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں اریانش شرما نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 53 گیندوں پر ناقابلِ شکست 74 رنز اسکور کیے۔ صہیب خان نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور 29 گیندوں پر 51 رنز بنائے، جس میں چار چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔

کپتان محمد وسیم زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جبکہ علیشان شرفو پانچ رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا بڑا اپ سیٹ، زمبابوے نے آسٹریلیا کو شکست دی

کینیڈا کی جانب سے سعد بن ظفر نے تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ کلیم ثنا اور جسکرن سنگھ نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

اس سے قبل کینیڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں پر 150 رنز بنائے تھے۔

ہرش ٹھاکر کی نصف سنچری کے باوجود ٹیم بڑا مجموعہ ترتیب نہ دے سکی۔ نونیت دھلیوال نے 34 اور شریاس مووا نے 21 رنز اسکور کیے۔

یو اے ای کے بولر جنید صدیقی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں، جبکہ محمد جواد اللہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Scroll to Top