پشاور کے شہری علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سٹی ایریا کے مختلف علاقوں میں سروے مکمل کر لیا ہے اور غیر قانونی رہائش گاہوں اور کمرشل عمارتوں کی نشاندہی کے بعد متعلقہ اداروں کو رپورٹ ارسال کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مخصوص گھروں اور پلازوں پر نشانات لگا دیے گئے ہیں، ان علاقوں میں زریاب کالونی، افغان کالونی، نواز آباد، فقیر آباد، لطیف آباد، بشیر آباد، یوسف آباد، کارپوریشن کالونی، فیصل کالونی اور غریب آباد شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیاں سحری کے اوقات میں کی جائیں گی، بعض مقامات پر غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈز کے حصول یا تیاری کے شبہات بھی سامنے آئے ہیں، جن کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب غیر قانونی مہاجرین کے زیر استعمال بعض کیمپوں کو خالی کرنے کے نوٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں اور متعلقہ افراد کو مقررہ مدت میں جگہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





