قبل از وقت انتخابات: نہ زیر بحث رہے اور نہ ہی کوئی امکان ہے، ذرائع

حکومت اور اپوزیشن لیڈر کے مابین رابطوں کے حوالے سے مختلف خبریں زیرِ گردش ہیں جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ان رابطوں میں قبل از وقت انتخابات پر بات چیت ہو ئی ہے۔ بعض میڈیا رپورٹس میں اس امکان کا ذکر کیا گیا ہے۔ تاہم باخبر ذرائع ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومتی وفد اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان ہونے والی مجوزہ ملاقات میں قبل از وقت انتخابات نہ تو زیرِ بحث آئیں گے اور نہ ہی اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی امکان موجود ہے۔ اس نشست میں صرف اہم قومی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے حکومتی شخصیات کی جانب سے ہونے والے رابطوں سے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو آگاہ کر رکھا ہے تاکہ آئندہ کی حکمتِ ۔عملی باہمی مشاورت سے طے کی جا سکے۔

مزید یہ کہ چیمبرز رابطوں کے حوالے سے بھی ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قبل از وقت انتخابات پر بات چیت ہو چکی ہے یا آئندہ ملاقات میں یہ معاملہ زیرِ غور آئے گا، تاہم ذرائع واضح کرتے ہیں کہ اس نوعیت کی تمام خبریں بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ملاقات ابھی ہونا باقی ہے، اور اس سے متعلق قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے پھیلائی جانے والی قیاس آرائیاں محض افواہوں پر مبنی ہیں جن کی کوئی صداقت نہیں۔

Scroll to Top