اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد پولیس میں 7,600 نئی بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کو بہتر بنانا اور پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کرنا بتایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کے معاملات کافی عرصے سے زیر غور تھے، اور ان بھرتیوں کی سمری وفاقی حکومت کو بھیجی گئی تھی۔
وزارت خزانہ نے منظوری دے دی، جس کے بعد اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کا باقاعدہ عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کے موقع پر تصدیق کی کہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد بھرتیوں کا عمل جلد شروع ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس اقدام سے پولیس کی صلاحیت، استعداد اور شہر میں سکیورٹی کے اقدامات میں بہتری آئے گی۔
وفاقی حکومت کی اس منظوری سے امید کی جا رہی ہے کہ اسلام آباد پولیس مزید مضبوط ہوگی، اور پولیس فورس کی تعداد میں اضافے کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کی رفتار اور مؤثریت میں اضافہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : پہاڑی پورہ پولیس پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے زیر حراست ملزم حمزہ جاں بحق
یہ بھرتیاں خاص طور پر وفاقی دارالحکومت میں بڑھتے ہوئے چیلنجز، سکیورٹی خطرات اور عوامی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جا رہی ہیں، تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
آئی جی اسلام آباد پولیس نے مزید کہا کہ بھرتیوں کا عمل شفاف اور میرٹ پر مبنی ہوگا، اور امیدواروں کے لیے اہم معلومات اور اہلیت کے معیار جلد جاری کیے جائیں گے۔





