انتہائی دکھ اور گہرے رنج کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ سینئر صحافی انیلا شاہین گزشتہ کئی دنوں سے ہسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے بعد آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملی ہیں۔ ان کی نمازِ جنازہ آج بروز جمعرات، 26 فروری 2026، سہ پہر تین بجے حاجی دریا خان بابا جنازگاہ چمکنی میں ادا کی جائے گی۔
خیبر یونین آف جرنلسٹس نے انیلا شاہین کی وفات کو صحافتی برادری کے لیے ایک عظیم اور ناقابلِ تلافی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی ہمیشہ شدت سے محسوس کی جائے گی۔ ان کی اچانک رحلت پر پشاور پریس کلب کی فضا سوگوار ہے، ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل غم سے نڈھال ہے۔
انیلا شاہین نہ صرف ایک متحرک، باوقار اور باصلاحیت صحافی تھیں بلکہ خیبر یونین آف جرنلسٹس کے 500 سے زائد ممبران کے لیے حقیقی معنوں میں بہن کا درجہ رکھتی تھیں۔ وہ ہر ساتھی کے دکھ اور سکھ میں پیش پیش رہتیں، خواہ کسی کی عیادت ہو، کسی کے گھر خوشی کی تقریب ہو یا مشکل گھڑی میں حوصلہ افزائی کی ضرورت ہو، ان کی موجودگی ہمیشہ ایک امید اور حوصلے کا باعث تھی۔
ان کی مسکراہٹ میں خلوص، لہجے میں اپنائیت کی مٹھاس اور رویے میں وقار کی جھلک ایسی تھی کہ جو بھی ان کا ساتھ پاتا، ہمیشہ کے لیے گرویدہ ہو جاتا۔ آج وہ مسکراتا چہرہ خاموش ہے اور پریس کلب کی راہداریوں میں ایک خلا محسوس ہو رہا ہے جو مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا۔
یونین کے عہدیداران نے مرحومہ کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صحافت کے میدان میں دیانتداری، محنت اور وقار کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے اور ہر حال میں اصولوں پر ثابت قدم رہیں۔
خیبر یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران و ممبران نے مرحومہ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اس کٹھن وقت میں پوری صحافی برادری غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
دعائے مغفرت: اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، قبر کو نور سے بھر دے، درجات بلند فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔





