حکومت نے ملک میں جاری خلیجی تیل کے بحران اور حکومتی سطح پر نافذ کردہ کفایت شعاری اقدامات کے پیشِ نظر 23 مارچ کو ہونے والی یومِ پاکستان کی روایتی پریڈ اور تمام بڑی تقریبات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق، موجودہ معاشی چیلنجز اور وسیع تر کفایت شعاری پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں سال یومِ پاکستان کے موقع پر فوجی پریڈ اور اس سے منسلک دیگر پرتعیش تقریبات منعقد نہیں کی جائیں گی۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس تاریخی دن کو پورے وقار اور احترام کے ساتھ منایا جائے گا جس کے لیے سادہ پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایک طرف قومی وسائل کی بچت کرنا ہے اور دوسری طرف یہ پیغام دینا ہے کہ قوم اپنے نظریات سے وابستگی اور استقامت کو برقرار رکھتے ہوئے مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کا غیر متزلزل عزم رکھتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اس دن کی اہمیت اور حقیقی پیغام کو برقرار رکھتے ہوئے تمام سرگرمیاں سادگی اور پُروقار طریقے سے انجام دیں۔





