پی ایس ایل 11، ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو با آسانی ہرا دیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس مقابلے میں سلطانز نے 167 رنز کا ہدف بآسانی 18ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان کی بیٹنگ مضبوط دکھائی دی، اسٹیو اسمتھ نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان شان مسعود 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، دیگر نمایاں بلے بازوں میں صاحبزادہ فرحان نے 32، جوش فلیپی نے 18 اور عرفات منہاس نے 6 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسن نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعود شکیل اور الزاری جوزف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11،راولپنڈیز کی مسلسل تیسری شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی ہرا دیا

کپتان سعود شکیل نے 41 گیندوں پر 56 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ بیوون جیکبز نے ناقابل شکست 49 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو سہارا دیا، احمد دانیال 22 رنز بنانے کے بعد انجری کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد نواز نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عرفات منہاس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

Scroll to Top