معروف ٹیکنالوجی کمپنی Apple نے اپنے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فون iPhone 18 Pro Max کے ذریعے ایک بڑا تکنیکی قدم اٹھانے کی تیاری کر لی ہے، جس میں جدید کیمرا ٹیکنالوجی، بہتر بیٹری پرفارمنس اور نئی کنیکٹیویٹی فیچرز شامل ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی نے اس بار اپنی پراڈکٹ لانچ کرنے کی حکمت عملی میں بھی نمایاں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ iPhone 18 کو موسمِ بہار میں متعارف کروایا جائے گا، جبکہ پرو اور پرو میکس ماڈلز کو روایتی طور پر ستمبر میں پیش کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ کمپنی دسمبر میں اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون متعارف کروانے کی بھی تیاری کر رہی ہے، جس کے ذریعے وہ فولڈ ایبل اسمارٹ فون مارکیٹ میں باقاعدہ داخل ہو جائے گی۔
نئے آئی فون 18 پرو میکس کا سب سے نمایاں فیچر اس کا جدید کیمرا سسٹم قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس میں ویری ایبل اپرچر ٹیکنالوجی شامل ہو سکتی ہے، جو کم روشنی میں بہتر کارکردگی اور ڈیپتھ کنٹرول فراہم کرے گی۔
اس کے علاوہ 42 میگا پکسل فرنٹ کیمرا سیلفیز اور ویڈیو کالز کے معیار کو مزید بہتر بنائے گا، جبکہ پیریسکوپ زوم لینس کے ذریعے 10 گنا آپٹیکل زوم ممکن ہو سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں موسمیاتی خطرات سے متعلق اہم رپورٹ جاری
ڈیزائن کے حوالے سے بھی کمپنی نے معمولی مگر مؤثر تبدیلیاں متوقع رکھی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق “ڈائنامک آئی لینڈ” کو مزید چھوٹا کیا جائے گا، جس سے اسکرین زیادہ کشادہ محسوس ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ پتلے بیزلز فون کو ایک جدید اور اسٹائلش لُک فراہم کریں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ اپ گریڈز نہ صرف صارفین کے تجربے کو بہتر بنائیں گے بلکہ اسمارٹ فون مارکیٹ میں مسابقت کو بھی مزید تیز کریں گے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مختلف کمپنیاں نئی ٹیکنالوجیز متعارف کروا رہی ہیں۔





