سعودی وزارت داخلہ کا بغیر پرمٹ حج کرنے والوں کیلئے سخت سزاؤں کا اعلان

Pakistan SCO Summit 2026

سعودی وزارت داخلہ نے حج سیزن کے دوران بغیر اجازت نامے حج کرنے یا اس کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان کر دیا ہے۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق یکم ذوالقعدہ سے 14 ذوالحجہ تک بغیر پرمٹ حج کرنے یا مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے افراد پر 20 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اقامہ ہولڈرز سمیت خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ بڑھ کر ایک لاکھ سعودی ریال تک بھی ہو سکتا ہے جبکہ غیر قانونی طور پر حج کرنے والے غیر ملکیوں کو ملک بدر کر دیا جائے گا اور ان پر مملکت میں 10 سال تک داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدامات حج کے دوران سیکیورٹی، نظم و ضبط اور حجاج کرام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ زائرین آسانی کے ساتھ مناسک حج ادا کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزارتِ حج و عمرہ کی کارروائی، 3 عمرہ کمپنیوں کے لائسنس معطل

وزارتِ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حج کے تمام ضوابط اور ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ ساتھ ہی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری اطلاع دیں۔ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں 911 جبکہ دیگر علاقوں میں 999 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top