21 سالہ سفر اختتام پذیر،معروف اینکر اقرار الحسن کا بڑا اعلان

معروف صحافی اور میزبان اقرار الحسن نے 21 سال تک اے آر وائی نیوز سے وابستہ رہنے کے بعد ادارے سے باقاعدہ علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے ۔

اقرار الحسن نے اپنے کیریئر کا آغاز اس وقت کیا تھا جب اے آر وائی کی نشریات دبئی سے جاری ہوتی تھیں جہاں انہوں نے بطور نیوز کاسٹر اپنی پہچان بنائی اور بعد ازاں کرپشن کے خلاف اپنے مشہور پروگرام “سرِ عام” کے ذریعے ملک گیر شہرت حاصل کی۔ ان کی یہ وابستگی دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط رہی جس کے دوران وہ ادارے کا ایک معتبر چہرہ اور پاکستانی میڈیا کی بااثر شخصیت بن کر ابھرے۔

اقرار الحسن کے استعفے کی بنیادی وجہ ان کی حال ہی میں لانچ کی گئی سیاسی جماعت “عوام راج” بنی ہے جس کے بارے میں انہوں نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ ان کے سامنے پیشہ ورانہ صحافت اور اپنی سیاسی تحریک میں سے کسی ایک کو منتخب کرنے کا کٹھن مرحلہ درپیش تھا۔

انہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد اور عوامی خدمت کے مشن کو ترجیح دیتے ہوئے اے آر وائی نیوز کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ اپنی پوری توجہ “عوام راج” تحریک پر مرکوز کر سکیں۔

اقرار الحسن کا کہنا ہے کہ صحافتی اخلاقیات اور سیاسی سرگرمیوں کو ایک ساتھ لے کر چلنا ممکن نہیں تھا اس لیے انہوں نے اپنی نئی منزل کا انتخاب کیا۔

اپنے الوداعی پیغام میں اقرار الحسن نے اے آر وائی نیوز کے ساتھ گزارے ہوئے 21 سالہ سفر کو شاندار اور یادگار قرار دیتے ہوئے ادارے کی قیادت اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ اپنے ساتھ ان گنت یادیں لے کر جا رہے ہیں جنہوں نے انہیں ایک عام نوجوان سے آج کے اقرار الحسن کے مقام تک پہنچایا۔ اس فیصلے کے بعد جہاں ان کے مداحوں میں اداسی پائی جاتی ہے وہیں سیاسی حلقوں میں ان کی نئی تحریک “عوام راج” کے مستقبل کے حوالے سے نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔

Scroll to Top