پاکستان کی حالیہ سفارتی فتوحات اور خطے میں امن کے قیام کے لیے جاری کوششوں نے عالمی منظر نامے کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے جس کے اثرات اب بھارتی میڈیا کے بدلے ہوئے لہجے سے بھی واضح ہو رہے ہیں۔
پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ تہران کا اہم دورہ اس سلسلے کی کڑی ہے جس نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان تزویراتی اور سفارتی محاذ پر ایک کلیدی کھلاڑی بن چکا ہے۔
ایران اور امریکہ کے درمیان کامیاب ثالثی اور اسلام آباد مذاکرات کے بعد اب دنیا بھر میں پاکستان کی اہمیت کا اعتراف کیا جا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ بھارتی میڈیا جو ماضی میں پاکستان کی ہر کوشش کو تنقید کا نشانہ بناتا تھا اب حقیقت تسلیم کرنے پر مجبور ہو گیا ہے۔
اس صورتحال نے بھارتی ذرائع ابلاغ کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو دنیا کے سامنے پیش کریں کیونکہ اب اسے نظر انداز کرنا ان کی اپنی ساکھ کے لیے سوالیہ نشان بن چکا ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کے اندر سے ہی مودی سرکار کی خارجہ پالیسی پر شدید تنقید کی لہر اٹھ کھڑی ہوئی ہے اور اسے ایک بڑی ناکامی قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارتی اخبارات اور نیوز چینلز اب یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ مودی حکومت کی غلط ترجیحات کی وجہ سے بھارت عالمی سطح پر تنہا ہوتا جا رہا ہے جبکہ پاکستان نے اپنے کامیاب سفارتی اقدامات سے نہ صرف اپنا وقار بلند کیا بلکہ عالمی طاقتوں کا اعتماد بھی حاصل کر لیا ہے۔





