ایران میں مقیم پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ 46ویں روز بھی جاری

اسلام آباد: ایران میں مقیم پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ 46ویں روز بھی جاری ہے، جس کے تحت ہزاروں افراد مختلف بارڈر پوائنٹس کے ذریعے پاکستان واپس پہنچ رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق آج گبد ریمدان بارڈر کے ذریعے 42 افراد وطن واپس پہنچے، جس کے بعد اس بارڈر سے واپس آنے والوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 218 تک جا پہنچی ہے۔

حکام کے مطابق 28 فروری سے اب تک تفتان بارڈر کے ذریعے 10 ہزار 619 افراد پاکستان واپس آ چکے ہیں، جبکہ گبد ریمدان اور تفتان بارڈرز کے مجموعی اعداد و شمار کے مطابق اب تک 13 ہزار 837 افراد وطن واپس پہنچے ہیں۔

واپس آنے والوں میں طلبہ، زائرین، سمندر پار (سی مین)، مزدور، کاروباری افراد اور ایران میں مقیم پاکستانی شہری شامل ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق تمام واپس آنے والے افراد کی دستاویزات کی جانچ پڑتال، امیگریشن کلیئرنس اور سکیورٹی اسکریننگ کا عمل بروقت اور منظم انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی سفارتی کوششوں پر روس کا مثبت ردعمل، اہم بیان جاری

حکام کا کہنا ہے کہ بارڈر پوائنٹس پر سہولیات کو بہتر بنایا گیا ہے تاکہ واپسی کا عمل محفوظ، منظم اور تیز رفتار بنایا جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق واپسی کا یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ متعلقہ ادارے مسلسل نگرانی اور سہولت کاری میں مصروف ہیں۔

Scroll to Top